9 نومبر 2015 - 06:25
وزیر دفاع: تہران، واشنگٹن کی گیدڑ بھپکیوں سے مرعوب ہونے والا نہیں

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ تہران، واشنگٹن کی گیدڑ بھپکیوں سے مرعوب ہونے والا نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں وزارت دفاع کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئیر جنرل حسین دھقان نے کہا کہ ایران ، عوام کی حمایت اور دفاع وطن کے تجربے سے سرشار ہے اور امریکہ کی گیدڑ بھپکیوں سے ہر گز نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ دیو کا سینگ ٹوٹ چکا ہے اور وہ دور گزر گیا جب لوگ امریکہ اور اس کی فوج سے خوف کھایا کرتے تھے ۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ آج گلی کوچوں میں کھیلنے والے بچے بھی امریکی فوجی حکام کی دھمکیوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے مجرمانہ چہرے کو خوبصورت نعروں کے پیچھے نہیں چھپا سکتا کیونکہ آج دنیا میں کوئی بھی قوم امریکہ کو اپنا ہمدرد نہیں سمجھتی ۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے خطے میں بدامنی پھیلانے کی امریکی اور اسرائیلی اسٹریٹیجی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امریکہ اور تسلط پسند طاقتوں کے خلاف تحریک مزاحمت پوری طرح زندہ ہے اور روز بروز طاقتور ہوتی جارہی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے امریکی وزیر جنگ کے بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں امن اور استحکام کا ستون ہے اور خطے کے امن پسند ملکوں کے ساتھ ساتھ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اس نے اب تک امن کی خواہش کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے وزیر جنگ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ عرب ملکوں کو بھاری قیمت کے اسلحے خریدنے کے بجائے ایران کے مقابلے کا عزم اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے۔

.......

/169