26 اکتوبر 2015 - 08:24
اگر دنیا کے کسی طاقت نے ایران کی ریڈ لائن کوعبور کرنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نقصان اٹھانا پڑے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر جنرل احمد رضا پور دستان نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ امریکیوں کی موجودہ اسٹریٹیجی دہشت گرد گروہوں سے فائدہ اٹھانا ہے، کہا کہ ہم نے امریکہ کی دھمکیوں کو فراموش نہیں کیا ہے اور ہم ہمیشہ ان کی حرکات اور اقدامات پر نظر رکھتے ہیں لیکن ہم کبھی بھی جنگ شروع نہیں کریں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنرل احمد رضا پور دستان نے العالم ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی اسٹریٹیجی دہشت گرد اور تکفیری گروہوں سے فائدہ اٹھانا ہے اس لیے کہ امریکیوں نے خود جنگ کا تجربہ کیا ہے لیکن انھوں نے دیکھا کہ وہ کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں لیکن انھوں نے اپنی اسٹریٹیجی اور حکمت عملی تبدیل کر لی کیونکہ جنگ میں انھیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے صیہونی حکومت کے خطرات کے بارے میں بھی کہا کہ اس حکومت نے اگر کوئی حرکت کی تو اسے اسلامی جمہوریہ ایران کے دور مار میزائلوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور شاید ان پچس برسوں سے پہلے ہی کہ جن کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا تھا، صیہونی حکومت کا وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

جنرل احمد رضا پور دستان نے ایران کی مغربی سرحدوں پر داعش کی موجودگی کے چیلنج کے بارے میں کہا کہ گزشتہ سال داعش کے عناصر بہت کم عرصے میں عراق کے صوبہ الانبار سے ایران کی سرحد کے قریب واقع عراقی صوبے دیالی پہنچ گئے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے اس زمانے میں اعلان کیا کہ ایران کی سرحد سے چالیس کلومیٹر اندر تک عراقی علاقہ ایران کی ریڈ لائن ہے کہ اگر کسی طاقت نے اسے عبور کرنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نقصان اٹھانا پڑے گا۔

.......

/169