14 اکتوبر 2015 - 05:47
امریکی نائـب وزیر خارجہ کے بیان پر ایران کا ردعمل

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ ایران کسی کو بھی اپنے داخلی امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک انٹرویو میں امریکی مذاکراتی ٹیم کی رکن اور نائب وزیر خارجہ ونڈی شرمین کے حالیہ بیان کو بے بنیاد اور ایران کے اندر تفرقہ اندازی کی ناکام کوشش سے تعبیر کیا ہے۔ ونڈی شرمین نے دعوی کیا ہے کہ ایران کی حکومت جامع ایٹمی معاہدے سے اندرونی سیاست اور آئندہ پارلیمانی الیکشن میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ونڈی شرمین کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کسی کو بھی اپنے داخلی امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر امریکی مذاکراتی ٹیم کی رکن وںڈی شرمین نے ایسی کوئی بات کہی ہے تو وہ بالکل بے بنیاد اور مذاکرات کے بارے میں ان کے غلط تجزیئے کا نتیجہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت ایران نے ایٹمی مذاکرات شروع ہونے کے بعد بارہا اعلان کیا ہے کہ ایٹمی مذاکرات مکمل طور پر ایک قومی پروجکٹ ہے اور اس کو ایران کی سیاسی جماعتوں کی اندرونی رقابت سے جوڑ کے نہیں دیکھنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم نے قومی جذبے کےساتھ مذاکرات انجام دیئے ہیں اورمذاکرات کے دوران فریق مقابل کو کبھی بھی ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169