اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے جمعہ کے دن سعودی عرب کی سرزمین میں اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے جارحین کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔
ایک فوجی ذریعے کا کہنا تھا کہ اس طیارے نے یمن کے صوبہ صعدہ کے علاقے کتاف میں کافی دیر تک پرواز کی تھی جس کے بعد اسے میزائل کا نشانہ بنا کر مار گرایا گیا۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے جیزان میں واقع الزابر نامی فوجی چھاؤنی پر دس میزائل اور الردیف فوجی چھاؤنی پر چھ میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں سعودی عرب کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ یمن کے توپخانے نے سعودی عرب کے علاقے عسیر میں سرحدی گارڈز کی ایک عمارت پر گولہ باری کی جبکہ یمن کی فوج نے نجران میں واقع دو فوجی چھاؤنیوں پر بھی دسیوں میزائل برسائے۔
سعودی عرب نے خطے کے نو عرب ممالک کو اپنے ساتھ ملا کر چھبیس مارچ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ عمان سعودی عرب کے اتحاد میں شامل نہیں ہے۔ سعودی عرب یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانا چاہتا ہے۔ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک ہزاروں شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسّی فیصد بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔



.......
/169