26 ستمبر 2015 - 15:13
حزب اللہ: کوئی بھی طاقت ایران کو نظرانداز نہیں کرسکتی

مجلس عاملہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین نے جنوبی لبنان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تکفیریوں کے حملوں اور مسلم امہ کا شیرازہ بکھیرنے کی غرض سے رچائی جانے والی امریکی اور تکفیری سازش کو ناکام بنانے میں نہایت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی مجلس عاملہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران نے علاقائی معاملات میں اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے، حزب اللہ کی مجلس عاملہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین نے جنوبی لبنان کے شہر قبریخا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد جو عظیم کامیابی ایران کو ملی ہے، اس سے ایران ایک طاقتور ملک بن گیا ہے اور علاقے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت ایران کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے علاقائی معاملات میں اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطٰی کا علاقہ سیاسی، مذہبی، نسلی اور قومی لحاظ سے گمبھیر مسائل کا شکار ہے اور کوئی یہ نہیں جانتا کہ آئندہ اس علاقے کے حالات کیسے ہونگے۔ ہاشم صفی الدین نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے علاقے کو تکفیری دہشت گردی کی آگ اور بھیانک فتنے میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تکفیریوں کے حملوں اور مسلم امہ کا شیرازہ بکھیرنے کی غرض سے رچائی جانے والی امریکی اور تکفیری سازش کو ناکام بنانے میں نہایت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم اس محاذ پر حتمی کامیابی کے نزدیک ہیں اور ہماری کامیابی سے امت مسلمہ مزید طاقتور اور متحد ہوگی۔

.......

/169