22 ستمبر 2015 - 12:11
ہندوستان نے اسرائیل سے ڈرون طیارے خریدنے کا عمل تیز کردیا

اطلاعات ہیں کہ ہندوستان نے اسرائیل سے ڈرون طیارے خریدنے کا عمل تیز کردیا ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روئیٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے خاص طور سے سرحدی علاقوں میں اپنے فوجیوں کے جانی نقصان میں کمی کے مقصد سے اسرائیل سے کئی ڈرون طیارے خریدنے کے عمل کو تیز کردیا ہے۔ہندوستان نے یہ فیصلہ ایسے حالات میں کیا ہے کہ اس کے ہمسایہ ملک پاکستان نے گزشتہ مہینے اندرون ملک تیار کیے جانے والے ڈرون طیارے براق کے ذریعہ تین ہائی پروفائل دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا- ہندوستانی حکام کے مطابق حکومت ہندوستان گزشتہ تین سال سے اسرائیلی حکومت سے "ہیرون" ڈرون طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے- ہندوستانی فضائیہ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ امید ہے کہ اسرائیل سے ہیرون ڈرون طیارے خریدنے کے معاہدے کو عنقریب قطعی شکل دے دی جائے گی لیکن ہندوستان کی وزارت دفاع نے اس سلسلے میں تفصیلات نہیں بتائی ہیں- ہندوستانی فضائیہ کے اعلی عہدیدار نے کہا کہ اس فوجی معاہدے کی مالیت چالیس کروڑ ڈالر ہے- واضح رہے کہ پاکستان نے جولائی میں کشمیر میں ایک چھوٹے ہندوستانی جاسوس طیارے کو مار گرائے جانے کی خبر دی تھی-ہندوستان اور پاکستان انیس سو پچاس کے عشرے میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک تین بار جنگ کرچکے ہیں جن میں سے دو جنگیں کشمیر پر ہوئیں- ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آزادی کے بعد سے ہتھیاروں کی دوڑ جاری رہی ہے اور دونوں ممالک ہر سال بڑا بھاری بجٹ اپنے فوجی شعبے کے لئے مختص کرتے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲