اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے جامعہ کراچی میں طلبہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اپنی اس ملاقات میں طلبہ کے حقوق اور ان کو درپیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ وقت طلبہ کے مسائل سے نظریں چراتی آرہی ہے، طلبہ کو اپنے حقوق کی بحالی اور درپیش مسائل حل کرنے کے لئے عملی جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا، حالیہ حکومتی پالیسی کی اگر بات کریں تو اس میں تعلیم کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ ایک کامیاب فلاحی ریاست کے قیام میں تعلیمی بجٹ میں اضافہ اور طلبہ کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا ضروری ہے، اس کے بغیر ملک و قوم تیاری کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ تہور حیدری کا کہنا تھا کہ اقربا پروری اور کرپشن کے باعث طلبہ کو اپنی مارکس اور دیگر تعلیمی اسناد کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مارکس شیٹ و ڈگری کے حصول میں مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے، جامعہ کراچی میں زیر تعلیم 27 ہزار طلباء و طالبات کے لئے صرف 27 پوائنس بسوں کا ہونا ناکافی ہے، حکومت پوائنس بسوں کے لئے جامعہ کراچی کو خصوصی فنڈ فراہم کرے، مرکزی حکومت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے میں مصروف ہے لیکن اسے طلبہ کے حقیقی مسائل حل کرنے سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
.......
/169