29 اگست 2015 - 18:51
دہشتگرد و جرائم پیشہ عناصر کی سیاسی و مذہبی سطح پر سرپرستی کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ

سرپرستی کرنیوالوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اہم رہنما، انتظامی عہدیدار، سرمایہ دار، پولیس افسران اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں، ان تمام جرائم پیشہ افراد اور جرائم کی سرپرستی کرنیوالوں کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں، اور ان کیخلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کی جائیگی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حساس اداروں نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کی زمینوں پر قبضے، کالعدم تنظیموں، دہشت گردوں کو مالی معاونت و سہولت پہنچانے، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث دہشتگردوں اور مجرموں کی سیاسی و مذہبی سطح پر سرپرستی کرنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے، ان ملزمان کی سرپرستی کرنے والوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اہم رہنماء، بعض انتظامی عہدے دار، سرمایہ دار، پولیس افسران اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں، ان تمام جرائم پیشہ افراد اور جرائم کی سرپرستی کرنے والوں کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں، اور ان کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی سمیت سندھ میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف آپریشن کی حکمت عملی کے تحت کارروائی کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گذشتہ دنوں بعض گرفتار سیاسی و مذہبی رہنماﺅں، بعض انتظامی عہدے دار، سرمایہ دار، سیاسی کارکنان اور دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، جن کے مطابق کراچی میں سرکاری و نجی زمینوں پر قبضہ، کالعدم تنظیموں اور دیگر دہشت گردوں کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ ہے، زمینوں پر قبضے کے معاملات میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اہم رہنما، بعض انتظامی اور پولیس افسران، سرمایہ دار اور اہم شخصیات ملوث ہیں۔

دوران تفتیش ملنے والی معلومات کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث مختلف جرائم پیشہ عناصر کو بعض سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں کی سرپرستی حاصل ہے، جو ان کو سہولتیں بھی فراہم کرتے ہیں، اور یہ مالی معاونت کن امور میں استعمال کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دی ہیں کہ ان جرائم میں ملوث سیاسی و مذہبی، انتظامی عہدے دار، سرمایہ داروں کے خلاف کارروائی سے قبل مکمل معلومات حاصل کی جائیں، اور ٹھوس شواہد پر کارروائی کی جائے۔ وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایت کی ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں کو بلاتفریق گرفتار کیا جائے۔

.......

/169