19 اگست 2015 - 18:26
ایران اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے میں ہر ممکنہ کوشش کرے گا

ایران کی آرمی اسٹاف کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج، ایران کی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے میں اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کریں گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی آرمی اسٹاف کمیٹی نے بدھ کو دفاعی صنعت کے قومی دن کی مناسبت سے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ سامراج اور تسلط پسند طاقتوں کی پوری توجہ، ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر مرکوز ہونے سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ ایران نے اپنی کامیاب اسٹریٹیجی سے دشمن کی دھمکیوں اور جنگ پسندی کو ناکام بنا دیا- اس بیان میں آیا ہے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران کی دفاعی صنعت، انحصار و وابستگی سے آگے بڑھ کر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی رہنمائیوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی ہدایات کے سہارے اس وقت قومی عزت و اقتدار کے لئے باعث افتخار اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے لئے پشت پناہ بن گئی ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی معیارات کے مطابق بری، بحری اور فضائی شعبوں میں ایران کی دفاعی صنعت کی کامیابیوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے کی برتر طاقت میں تبدیل کر دیا ہے اور اسے علاقے سے باہر کی بڑی طاقتوں کے مقابلے میں لاکھڑا کیا ہے- ایران کی آرمی اسٹاف کمیٹی کے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ایران کی دفاعی صنعت نے قومی سطح سے بلند ہو کر علاقے کی اسلامی مزاحمت اور دہشت گردی و نیابتی جنگوں کا مقابلہ کرنے میں مختلف پہلؤوں سے اپنا اسٹریٹیجک کردار ثابت کر دیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲