18 اگست 2015 - 09:08
مسعود بارزانی کے عہدے کی مدت میں توسیع غیر قانونی

عراقی کردستان علاقے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی کے عہدے کی مدت میں توسیع کو غیر قانونی قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی کردستان علاقے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر یوسف محمد نے کہا ہے کہ کردستان علاقے کی انتظامیہ کے سربراہ مسعود بارزانی کے عہدے کی مدت میں توسیع کی پابندی کرنا پارلیمنٹ کے لیے ضروری نہیں ہے اور یہ کسی قانونی جواز کی حامل نہیں ہے- یوسف محمد نے، جو تحریک تبدیلی کے ایک اہم رہنما ہیں، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عراقی کردستان علاقے کی انتظامیہ کے سربراہ کے عہدے کی مدت میں توسیع کو جائز قرار دینا صحیح نہیں ہے، اس بات پر زور دیا کہ وہ عراقی کردستان علاقے کی سربراہی کے مسئلے میں پارلیمنٹ کے قانونی دائرے سے باہر ہر کسی بھی راہ حل کے مخالف ہیں- انہوں نے کہا کہ کردستان علاقے کے کچھ بااثر افراد اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پارلیمنٹ کے اختیارات اور طاقت میں کمی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- واضح رہے کہ عراقی کردستان علاقے کی جوڈیشل کونسل نے پیر کے روز اس علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی کے عہدے کی مدت میں دو سال کی توسیع کی ہے- اربیل شہر میں شوان محی الدین کی سربراہی میں عراقی کردستان کی جوڈیشل کونسل کی ذمہ داری قوانین پر عمل درآمد کی نگرانی کرنا، دفتری شکایات کا جائزہ لینا اور قانونی مشورے دینا ہے-

.......

/169