15 اگست 2015 - 17:21
ایران ہر خطرے کے مطابق دفاعی ساز و سامان تیار کر سکتا ہے

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران ہر طرح کے ہتھیاروں سے لاحق خطرات کے مطابق دفاعی ساز و سامان اور سسٹموں کی ڈیزائیننگ کرکے انہیں تیار کر سکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ ایک دہائی کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے دنیا پر حاکم تسلط پسند نظام کے مختلف طرح کے اقدامات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ ستمبر کی سازش، ایران کی سرحدوں کے قریب موجود رہنے، مختلف ملکوں اور اقوام کے درمیان اختلافات ڈالنے اور تکفیری گروہوں کی تشکیل کے مقصد سے رچی گئی تھی۔ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ساری چیزیں دشمنوں کے مختلف اقدامات کا پتہ دیتی ہیں۔ جنرل حسین دہقان نے کہا کہ آج دشمن نے سعودی عرب کی مدد سے عراق، شام اور یمن میں المناک حالات پیدا کردیئے لیکن اس کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران میں مکمل امن و استحکام پایا جاتا ہے اور ایران خود، علاقائی امن و استحکام کا سبب ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں روس اور چین نیز علاقائی ممالک کے ساتھ دفاعی سفارتکاری میں توسیع آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں بیجنگ میں ایران، روس اور چین کا اجلاس ہونے والا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲