14 اگست 2015 - 15:10
امریکہ کے مداخلت پسندانہ بیان پر عراقی صدر کا شدید رد عمل

عراقی صدر نے عراق کی تقسیم کے بارے میں امریکی مسلح افواج کے سربراہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی تقسیم ناممکن ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی صدر فواد معصوم نے جمعے کو سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے عراق کی تقسیم کے بارے میں امریکی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ریمنڈ اوڈیرنو کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور اس بیان کو غیر منطقی قرار دیا۔ عراقی صدر نے کہا کہ عراق کی تقسیم کے بارے میں امریکہ کی یہ تھیوری، کہ عراق کو شیعہ سنی اور کردوں کے مستقل ملکوں میں تقسیم کر دینا چاہئے، ایک ناممکن امر ہے۔ واضح رہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی امریکی جنرل کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بیان عراق کے حقائق سے ان کی عدم واقفیت کو ثابت کرتا ہے۔ امریکی مسلح افواج کے سربراہ جنرل اوڈیرنو نے کچھ دنوں قبل دعوی کیا تھا کہ اہل سنت اور شیعہ مسلمانوں کے درمیان مصالحت کرانا روز بروز مشکل ہوتا جا رہا ہے اور آخر کار عراق کا بٹوارہ ہو کر رہے گا۔ امریکی جنرل، عراق کی تقسیم کو ایسے عالم میں عراق کے مسائل کی راہ حل کے طور پر پیش کر رہے ہیں کہ اکثر سیاسی مبصرین، بلکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سنہ دو ہزار تین میں عراق میں امریکہ کی فوجی مداخلت عراق کی موجودہ مشکلات کا بنیادی سبب ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169