10 اگست 2015 - 15:02
افغان صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم کی ٹیلی فونی گفتگو

افغان صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے سلسلے میں ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر محمد اشرف غنی نے پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس گفتگو میں انہوں نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے علاوہ علاقے کی سلامتی اور دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ نواز شریف نے بھی اس گفتگو میں بے گناہ افغان عوام کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کے واقعات کی مذمت کی۔

اس سے قبل بین الاقوامی امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی نے کہا تھا کہ دونوں ممالک، طالبان کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کر سکتے ہیں۔ طارق فاطمی نے کہا تھا کہ پاکستان، افغان طالبان پر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرکے انہیں امن مذاکرات کے لئے تیار کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی امور میں وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی مشیر طارق فاطمی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا کہ اس سے قبل پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وہ ماضی میں اسلام آباد اور افغان طالبان کے مابین تعلقات سے انکار نہیں کرتے تاہم انہوں نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کا اب اس گروہ پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169