8 اگست 2015 - 07:20
بشار جعفری: شام کا غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری نے شام کے بارے میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بشار جعفری نے سلامتی کونسل میں شام میں کیمیاوی ہتھیار استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کے بارے میں قرارداد کی منظوری کے بعد کہا کہ دمشق نے دو سال پہلے ہی شام میں کیمیاوی ہتھیار استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے بارے میں معلومات سلامتی کونسل کو فراہم کردی تھیں- انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ معلومات میں ایسی ویڈیو موجود تھی جس میں دہشت گرد ایک خرگوش پر کیمیاوی گیس کا استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں-
بشار جعفری نے کہا کہ شام اب تک کسی کے بھی ذریعے اور کہیں بھی کیمیاوی ہتھیاروں اور ہر طرح کے عام تباہی والے ہتھیاروں کے استعمال کی بارہا مذمت کر چکا ہے- انہوں نے کہا کہ خود شامی فوج اور عوام دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کا نشانہ بنے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سلامتی کونس کی قرار داد نمبر بائیس سو پینتیس کی تحقیقات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونی چاہئیں کیونکہ شام نے کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی قرارداد کے مطابق اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے-
بشار جعفری نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سلامتی کونسل کے ارکان سے دہشت گردی سے مقابلے کے بارے میں اس کونسل کی قراردادوں پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کرنے کو کہے کیونکہ شام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کے ہاتھوں نقصان پہنچ رہا ہے-

.......

/169