اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے دفاع اور سلامتی کے کمیشن کے سربراہ حاکم الزاملی نے پیر کو تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی- اس ملاقات میں ڈاکٹر لاریجانی نے عراق میں پائیدار ترقی اور جمہوری و مستحکم حکومت کی تشکیل میں مدد کو ایرانی پالیسی قرار دیا- ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ایران اور عراق کی اقوام کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات نے تمام شعبوں میں قریبی اور پائیدار تعلقات کے قیام کے لئے مناسب راستہ ہموار کیا ہے- انہوں نے کہا کہ عراق کا قومی اتحاد اور عراقی عوام کی جدوجہد دہشت گرد گروہوں سے مقابلے میں حکومت عراق کی حالیہ کامیابیوں کا سبب بنی ہے- ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مخالف عالمی اتحاد اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے عراق میں اہم کام انجام نہیں دے سکا ہے-
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ عراق میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے تمام امکانات اور وسائل کو بروئے کار لانا چاہئے- اس ملاقات میں عراقی پارلیمنٹ کے دفاع اور سلامتی کے کمیشن کے سربراہ حاکم الزاملی نے ایران اور عراق کے تعلقات کو برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ ایران علاقے کا اہم ملک ہے اور عراقی حکومت اور عوام کے لئے دہشت گرد گروہوں سے مقابلے میں قابل بھروسہ محاذ شمار ہوتا ہے- انہوں نے علاقے، خاص طور سے عراق کے حالیہ بحران کو سامراجی ممالک کی پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ داعش گروہ کی تقویت اور عراق میں اس دہشت گرد گروہ کی مدد بعض تسلط پسند ممالک کی طرف سے تمام اسلامی ممالک میں بحران پیدا کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے-
.......
169