26 جولائی 2015 - 17:44
ایرانی وزیر خارجہ کی کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات اور علاقائی ممالک کے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کے دن اپنے دورۂ کویت میں اس ملک کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات میں علاقائی ممالک کے باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔ انھوں نے اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں توسیع ، مذاکرات اور باہمی تعاون پر تاکید کی ہے اور ایران اسے اپنی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح قرار دیتا ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ خطے کے بعض ممالک کی جانب عملی طور پر اقدامات انجام دیئے جائیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک کی جانب سے ایران مخالف پالیسیاں اختیار کئے جانے کے باوجود ایران نے کبھی بھی ان کے خلاف کوئی اقدام انجام نہیں دیا ہے۔ محمد جواد ظریف کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو اغیار کی مداخلت کے بغیر خود ہی اپنی مشکلات حل کرنی چاہییں اور ایران اس سلسلے میں مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔ کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات میں توسیع میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تمام ممالک ایران کے ساتھ ایک اہم اور موثر ملک کے طور پر جلد از جلد ہمہ گیر علاقائی بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲