16 جولائی 2015 - 10:12
ایران کا ایٹمی معاہدہ، امریکہ کی صداقت پرکھنے کی کسوٹی: ڈاکٹر ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مفاہمت کو، امریکہ کی صداقت پرکھنے کی کسوٹی قرار دیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نیویارکر ویب سائٹ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کے مطابق اگر واشنگٹن منھ زوری اور دھمکی کی زبان استعمال کرنا چھوڑ دے اور ایٹمی مسئلے میں باہمی احترام کی بنیاد پر ایران کے ساتھ مفاہمت کے لئے آمادہ ہو تو پھر دوسرے آپشن بھی مدنظر قرار دیئے جا سکتے ہیں- محمد جواد ظریف نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی سمجھوتہ ایران اور عالمی برادری کے درمیان زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کا باعث بنے گا، کہا کہ ایران علاقے کا سب سے زیادہ مستحکم ملک ہے اور سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سودمند بھی ہے- ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ بات بہت اہم ہے کہ ایران کے عوام میں دو خصوصیات پائی جاتی ہیں- اول یہ کہ ایرانی قوم دباؤ کا مقابلہ کرتی ہے، اور دوسرے یہ کہ فریق مقابل کے احترام کے مقابلے میں اس کا ردعمل نہایت مثبت ہوتا ہے- محمد جواد ظریف نے اس سوال کے جواب میں،کہ کیا اس بات کا تصور کیا جا سکتا ہے کہ ایران اور سعودی عرب باہمی تعاون اور علاقے کے مشترکہ مفادات کے بارے میں تعمیری مذاکرات انجام دے سکتے ہیں، کہا کہ ایران کو مذاکرات میں کوئی مشکل نہیں ہے لیکن اس شرط کے ساتھ کہ فریق مقابل نے اپنے پڑوسی ملکوں کے عوام کے حق میں جارحانہ اقدامات انجام نہ دیئے ہوں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲