اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو اپنے ٹوئیٹر پیج پر لکھا ہے کہ ایران اور آئی اے ای اے نے اس امر پراتفاق کیا ہے کہ وہ ماضی کے تمام مسائل کے مکمل حل کے مقصد سے باہمی تعاون کے عمل میں تیزی لائیں گے- ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے بھی منگل کو آئی اے ای اے کے ساتھ ایک سمجھوتے پر،کہ جسے روڈ میپ کا نام دیا گیاہے، دستخط کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ ماضی کے تمام مسائل کے حل کے لئے ریڈ لائنوں کی مکمل رعایت کے ساتھ سمجھوتہ ہو گیا ہے- علی اکبر صالحی نے کہا کہ اس سمجھوتے کی رو سے ایران اور آئی اے ای اے کے توسط سے بعض اقدامات انجام پانے کے ساتھ ہی تمام گذشتہ مسائل مکمل طور پر حل ہو جائیں گے-

واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان آخری دور کے ایٹمی مذاکرات ستائیس جون کو شروع ہوئے تھے جن میں دو مرتبہ توسیع کی گئی اور پھر اٹھارہ دنوں تک مسلسل سخت اور دشوار گفتگو کے بعد منگل کو جامع ایٹمی سمجھوتہ طے پانے کے ساتھ ختم ہو گئے- ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان سمجھوتے کا متن ایک سو صفحات اور پانچ ضمیموں پر مشتمل ہے-
.......
/169