اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین پر مسلم حکمرانوں کی بے حسی قابل افسوس ہے۔ فلسطینی مسلمان صیہونی جبر و استبداد کا شکار ہیں۔ استعماری قوتیں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہی ہیں اور وہ آئے دن فلسطینی مسلمانوں پر ظلم ستم ڈھا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی گلزار احمد نعیمی جماعت اہل حرم پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ احتجاجی ریلی بمناسبت یوم القدس سے کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیرخوار معصوم بچے یہودی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے اور اس پر مسلم دنیا کے حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ خصوصاً عرب ممالک کے حکمران مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھ رہے۔ قبلہ اول کی حرمت و توقیر ان کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ آج دنیا میں جہاں کہیں بھی ظلم و ستم ہو رہا ہے، اس کی پشت پناہی امریکہ، اسرائیل اور بھارت کر رہا ہے۔ مسلمان ممالک کو ان قوتوں نے میدان جنگ بنایا ہوا ہے اور اپنے اسلحہ کے آزمائشی دھماکوں کیلئے مسلم سرزمین ان کا انتخاب ہے۔ مشرق وسطٰی میں اسرائیل باطل قوتوں کا نمائندہ ہے اور اس کے مقابلے میں جو کھڑے ہیں وہ اہل حق ہیں۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے جہادی تنظیموں جو اپنے آپ کو سنی کہتی ہیں، ان سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں سنی مسلمان شہید کئے جا رہے ہیں، یہ جہادی تنظیمیں اگر واقعی سنیت کی نمائندہ ہیں تو انہیں فلسطینی مسلمانوں کا علی الاعلان ساتھ دینا چاہیے۔ اس موقع پر چوہدری محمود احمد نے ریلی کے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شدید الفاظ میں اسرائیل، امریکہ اور اس کے حواریوں کی مذمت کی اور اس کے ساتھ ریلی کے منتظمین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ صاحبزادہ کاشف گلزار احمد نعیمی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہیں کر ے گی۔ داعش اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ہم رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ کی حالت میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے نکلے ہیں اور ہماری جدوجہد انشاء اللہ قبلہ اول کی آزادی تک جاری رہے گی۔ مظاہرہ میں کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی اور آخر میں تمام امت مسلمہ بالخصوص فلسطینیوں کیلئے دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲