10 جولائی 2015 - 01:26
عالم اسلام فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تیار

دنیا بھر کے روزہ دار مسلمان عالمی یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور صیہونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے روزہ دار مسلمان عالمی یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور صیہونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں- جب سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس کا نام دیا- اس وقت سے آج تک یہ دن قدس کے غاصب صیہونیوں کے لئے ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو چکا ہے- رواں سال بھی دنیا بھر کے روزہ دار مسلمان عالمی یوم القدس میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور صیہونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں- جس کی بنا پر صیہونی حکام خوف و ہراس میں مبتلا ہو چکے ہیں-
رواں سال کے عالمی یوم القدس کے جلوسوں کے نعرے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے- اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایرن کے اسلامی تبلیغات کے ادارے کی قدس کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ رواں سال کے عالمی یوم القدس کے نعرے کا انتخاب علاقائی صورتحال اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو درپیش حالات کے مد نظر کیا گیا ہے- رمضان شریف نے تہران میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ رواں سال عالمی یوم القدس کے جلوس " عالمی یوم القدس، فلسطینی اہداف کا مظہر اور ماڈرن جاہلیت اور غزہ سے یمن تک بچوں کے قتل عام کے خلاف ملت اسلامیہ کے اتحاد کی آواز" کے نعرے کے ساتھ نکالے جائیں گے- رمضان شریف نے مزید کہا کہ عالمی یوم القدس کے نعرے کا انتخاب علاقائی صورتحال اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو در پیش حالات کے مد نظر کیا گیا ہے اور اس نعرے میں بیت المقدس کے اہداف پر تاکید کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے اتحاد اور اسلام دشمنوں کے مظالم کے بارے میں مسلمانوں کی ہوشیاری کو مدنظر رکھا گیا ہے-
رمضان شریف نے مزید کہا کہ رواں سال کے عالمی یوم القدس کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں سے ایک بار پھر یہ بات ثابت ہو جائے گی کہ امت اسلامیہ امریکا اور صیہونی حکومت کو ہی اپنا مشترکہ دشمن سمجھتی ہے اور عراق، شام اور یمن سمیت بعض اسلامی ممالک کے المناک حالات اسے اسلامی دنیا کے سب سے اہم مسئلے اور عالم اسلام کی ترجیح یعنی مسئلہ فلسطین سے غافل نہیں کر سکے ہیں اور نہ کبھی غافل کر سکیں گے- اسلامی جمہوریہ ایرن کے اسلامی تبلیغات کے ادارے میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ احمد جنتی نے بھی بدھ کے دن تہران میں کہا کہ عالمی یوم القدس فلسطینیوں کے ساتھ مختص نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق ساری اسلامی دنیا سے ہے اور اسلام کے دشمن اور صیہونی اسی بات سے ہراساں ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی کہا ہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے بیت المقدس کو اس وجہ سے اہمیت دی تھی کہ بیت المقدس اور فلسطین ملت اسلامیہ کی طاقت کا سرچشمہ ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں یہودیوں کے نمائندے سیامک مره‌ صدق نے کہا ہے کہ عالمی یوم القدس کسی گروہ کے ساتھ مختص نہیں ہے اور اس دن دنیا کے تمام حریت پسند لوگ ظلم اور ناانصافی کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہیں- سیامک مره‌ صدق کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے یہودی ہمیشہ کی طرح اس سال بھی عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کریں گے- ایران کے اسلامی حقوق بشر کمیشن نے بھی ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ فلسطین کی مظلوم قوم اور دوسری مظلوم اقوام کی حمایت سے متعلق دنیا کی مختلف اقوام کی آواز بہت جلد نتیجہ خیز ثابت ہو گی اور مظلوم آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے اور فلسطینی قوم کو اپنے تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہو جائے گا- اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی کمیٹی، حوزہ علمیہ قم کی جامعہ مدرسین، فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حمایت سے متعلق کمیٹی سمیت مختلف تنظیموں نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے اعلامیے جاری کر کے عوام سے عالمی یوم القدس کے موقع پر نکالے جانے والے سامراج مخالف جلوسوں میں شرکت کی اپیل کی ہے-

.......

/169