9 جولائی 2015 - 02:14
نائب وزیر خارجہ: فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ فلسطین، عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بدھ کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے- حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ فلسطین کی حقیقی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے دو اہم عوامل شمار ہوتے ہیں- انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کئے جانے کے سلسلے میں امریکہ اور مغرب کا دوہرا رویہ، صیہونی حکومت کے جرائم اور بدامنی بڑھنے کا سبب بنا ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اگر عالم اسلام اپنے اتحاد کو مضبوط بنائے، تو علاقے میں دہشت گردی اور صیہونیزم کے لئے کوئی جگہ باقی نہیں رہے گی- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے تاکیدکے ساتھ کہا کہ ایک اسلامی ملک کی حیثیت سے یمنی بچوں اور عورتوں کے ساتھ سعودی عرب کا جنگی طریقہ، غزہ میں صیہونیوں کے وحشیانہ رویے کی یاد دلاتا ہے اور یہ عالم اسلام اور دنیائے عرب کے لئے باعث شرم ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ توقع ہے کہ سعودی عرب اپنے رویے میں اصلاح کر کے علاقے میں قیام امن کو مضبوط بنانے، مظلوم فلسطیی عوام کی حقیقی حمایت کرنے، عالم اسلام میں وحدت اور صیہونی حکومت کے جرائم کا مقابلہ کرنے کی راہ میں قدم اٹھائے گا- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تہران، ریاض کے ہر طرح کے تعمیری اقدام کا خیرمقدم کرے گا، کہا کہ سعودی عرب، علاقے کے ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات قائم کر کے زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے-

.......

/169