اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مصر کےعدالتی حکام نے کہا ہے کہ قاہرہ میں، ایک بم دھماکے میں زخمی ہونے والے مصر کے اٹارنی جنرل زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے ہلاک ہو گئے ہیں- یہ دھماکہ دارالحکومت قاہرہ کے ایک مرکزی علاقے میں قاہرہ کے اٹارنی جنرل ہشام برکات کی گاڑی کے راستے میں کیا گیا تھا- اس بم دھماکے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہوئے جن میں اٹارنی جنرل بھی شامل تھے- مصر میں ولایت سینا سے موسوم داعش دہشت گرد گروہ نے اپنے افراد سے کہا تھا کہ وہ داعش کے چھ افراد کو سزا دیئے جانے کے سبب، عدلیہ کے حکام پر حملہ کریں- یہ دہشت گرد گروہ جو جزیرہ نمائے سینا میں موجود ہے، اس سے قبل مصر کے دو ججوں اور ایک اٹارنی کو بھی مئی کے مہینے میں ہلاک کر چکا ہے- ادھر مصری ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز اٹارنی جنرل کے قتل کے بعد قاہرہ کے سیکورٹی انچارج کو برطرف کرنے کی خبر دی ہے- واضح رہے کہ یہ بم دھماکہ ایسے حالات میں ہوا ہے کہ مصر میں پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کو دو سال کی تکمیل کے موقع پر سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے-









.......
/169