28 جون 2015 - 12:41
کویت کی مسجد امام صادق (ع) میں دھشتگردانہ کاروائی کے خلاف اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا مذمتی بیان

کویت کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے دوران کئے گئے دھشتگردانہ حملے کی مذمت میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک بیان جاری کر کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کویت کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے دوران کئے گئے دھشتگردانہ حملے کی مذمت میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک بیان جاری کر کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
بیانیہ کے متن کا مکمل ترجمہ جو عربی میں شائع ہوا حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله و انا إلیه راجعون
"وما نقموا منهم الا أن یومنوا بالله العزیز الحمید" (بروج ـ 8)
مسلمانوں کی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش حملوں کا سلسلہ جو صنعا، قطیف اور دمام سے چلتا ہوا کویت پہنچا اور کویت کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں ۲۶ نمازیوں کی شہادت اور دو سو سے زاید افراد کے زخمی ہونے کا باعث بنا انتہائی دردناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔
تکفیری ٹولیوں کی جانب سے مسلسل دھشتگردانہ کاروائیاں اور اسلام دشمن عناصر کی طرف سے لگاتار مسلمانوں کو پاش پاش کرنے کی سازشیں ہم پر واجب کررہی ہیں کہ اس تکفیریت کو نابود کرنے کے لیے ایک عالمی تحریک وجود میں لائیں جس میں ان حکومتوں کو بالکل شامل نہ کیا جائے جو منافق، جرائم پیشہ اور قبائلی تعصب کا شکار ہیں اور قبائلی تعصب کی بنا پر دھشتگردوں کی پشت پناہی کرتی ہیں۔ دھشتگردی دینی، انسانی اور اخلاقی لحاظ سے منفور ترین شئی ہے اور دھشتگردوں کا کوئی دین نہیں ہے اور نہ صرف دین نہیں بلکہ ان کے اندر انسانیت نام کی بھی کوئی چیز نہیں ہے یہ وہ قوم ہے جو خدا اور اس کے رسول کے ساتھ خدا کے گھر میں جنگ کر رہے ہیں تاکہ صیہونی رہنماوں، استعماری طاقتوں اور تکفیری وہابیوں کو خوش کریں۔ یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے شرپسند عناصر اللہ کے گھر میں نماز جمعہ کے دوران ماہ مبارک میں جب مومنین بارگاہ الہی میں سربسجود ہوں تو انہیں خاک و خون میں غلطاں کر دیتے ہیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس طرح کی دھشتگردانہ کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے جن کا مقصد صرف مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور فتنے کی آگ بھڑکانا ہے اور وہ بھی ایسے ملک میں جہاں صدیوں سے تمام مسلمان بھائی بھائی کی طرح زندگی بسر کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲