26 جون 2015 - 02:35
پاکستانی حکام  پے در پے سعودی عرب کے دوروں پر + تصاویر

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن نائف سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ممنون حسین عمرے کی ادائیگی کی غرض سے ہفتے کے روز سعودی عرب گئے تھے اور انہوں نے اپنے دورے میں سعودی عرب کے اعلی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں-ممنون حسین نے بدھ کی رات جدہ میں، سعودی ولیعہد کی جانب سے دی گئی افطار کی دعوت میں ان سے ملاقات کی-

اس ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ مسائل کے علاوہ علاقے کے اہم ترین مسائل کےبارے میں بھی گفتگو کی۔
پاکستان کے صدر نے اس ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا-
ممنون حسین نے گزشتہ جمعے کی رات سعودی فرمانروا سلمان عبدالعزیز کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی۔
درایں اثنا پاکستان کے صدر نے سعودی عرب کے اردو اخبار، اردو نیوز کے ساتھ انٹرویو میں سعودی عرب کی ارضی سالمیت کی غیر مشروط حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سخت و دشوار حالات میں سعودی حکومت کے ساتھ رہے گا-
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے آغاز کے وقت، سعودی حکومت نے پاکستان سے سعودی اتحاد میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا تھا تاہم پاکستان نے اسے مسترد کردیا تھا- لیکن اس کے باوجود حکومت پاکستان، سعودی عرب کی سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور یمن پر حملے کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کے سرکاری اور فوجی حکام سعودی عرب کا متعدد بار دورہ کرچکے ہیں۔
مبصرین کے مطابق پاکستانی حکام کے پے در پے دوروں کا مقصد سعودی حکمرانوں کو اپنی سیاسی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلانا ہے۔

.......

/169