20 جون 2015 - 22:38
تشدد، بدامنی اور لڑائیوں کے باعث دنیا میں ہزاروں افراد بے گھر

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ سنہ دو ہزار چودہ میں دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر بیالیس ہزار پانچ سو افراد نے دوسری جگہ پناہ لی ہے یا وہ بے گھر ہوئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بیس جون دو ہزار پندرہ کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں تاکید کی ہے کہ سنہ دو ہزار چودہ کے اختتام تک دنیا بھر میں پانچ کروڑ پچانوے لاکھ افراد کو بے گھر ہونا پڑا- بان کی مون کے پیغام میں دنیا بھر کے ان لاکھوں انسانوں کی صورت حال پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے جو لڑائیوں اور ظلم و جور کی وجہ سے بے گھر ہو جاتے ہیں-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے پیغام میں آیا ہے کہ شام، عراق، یوکرین، جنوبی سوڈان، شمال مشرقی نائیجیریا، افغانستان اور پاکستان کے بعض علاقوں میں جاری بحرانوں کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کو بے گھر ہونا پڑا- بان کی مون کے پیغام میں آیا ہے کہ تشدد، بدامنی اور لڑائیوں کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ایسی صورت حال میں حکومتوں کو اس مشکل سے نمٹنے کے لئے دوبارہ عہد کرنا ہوگا تاکہ لڑائیوں اور ظلم و جور کی بنا پر بے گھر ہونے والے افراد کو رہائش مل سکے اور وہ سکون سے رہ سکیں-

.......

/169