17 جون 2015 - 14:52
ظالمانہ فیصلے نے بحرین کے بحران کو پیچیدہ بنا دیا

بحرین کےانقلابی رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف عدالتی فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ بحرینی حکمرانوں کا رویہ غیرمنطقی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے فیصلے سے بحرین کے مسائل کے حل کے لئے سیاسی طریقہ کار کے مواقع ہاتھ سے نکل گئے ہیں

المنارٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف سیاسی راہ حل کے دروازے بند ہو گئے ہیں بلکہ بحرین میں گذشتہ برسوں سے جاری بحران اور بھی طویل ہو گیا ہے اور اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ بحرین کے آمرحکمرانوں کی روش اورطریقہ کار میں عقل و منطق کار فرما نہیں ہے-

بحرین کے جو جیل سے شیخ علی سلمان کا پیغام

بحرین کے اللولو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان نے "جو" نامی جیل سے عوام کے نام ایک پیغام بھیجا ہے-

اپنے اس پیغام میں شیخ علی سلمان نے بحرینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آل خلیفہ حکومت کے خلاف اپنے پر امن مظاہرے جاری رکھیں اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کریں-
شیخ علی سلمان نے پیغام میں بحرینی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ، مطالبات منوانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور بحرین کے حقائق سے اقوام عالم کو آگاہ کرنے کے لئے میڈیا کے ذرائع استعمال کریں-
بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ وہ بحرین میں آزادی، عدل و انصاف اورجمہوریت کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، کہا کہ کامیابی، بحرینی قوم کا ہی مقدر ہوگی اوراس بات کوجان لینا چاہئے کہ آل خلیفہ حکومت کی نابودی کے اب گنے چنے دن باقی رہ گئے ہیں-
واضح رہے کہ منامہ کی عدالت نے منگل کے روز بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان کو بے بنیاد الزامات کے تحت چار سال قید کی سزا سنائی ہے-

.......

/169