17 جون 2015 - 14:50
یمنیوں کے سعودی فوج کے اڈوں پر جوابی حملے جاری

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کے روز ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کے روز ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی عرب کے متعدد فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
یمنی ذرائع کے مطابق بدھ کے دن صبح کے وقت یمن کے دارالحکومت صنعا میں زوردار دھماکے کی آوازیں سنی گئیں- سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کے دن متعدد مرتبہ جبل نقم میں رہائشی علاقوں اور علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے گھروں پر بمباری کی- اس بمباری میں متعدد خواتین اور بچے شہید ہوگئے- دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی فورس نے نجران کے علاقے میں ہونے والی ایک کارروائی میں چار سعودی فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا- یمنی فوج اور عوامی فورس کے جوانوں نے ظہران عسیر میں عمیس فوجی اڈے پر بھی چالیس میزائل داغے- جیزان میں ابوعریس علاقے میں بھی سعودی عرب کے کئی فوجی اڈوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے میزائل برسائے ہیں جس سے وہاں آگ لگ گئی- ادھر یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے ہاتھوں یمن کا ظالمانہ محاصرہ یمنی عوام کے لئے بہت زیادہ مشکلات کا سبب بنا ہے۔ انسانی حقوق مرکز نے اپنی رپورٹ میں یمن کے تاریخی مقامات پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے کی مذمت بھی کی ہے- رپورٹ کے مطابق یمن کے رہائشی علاقوں، تاریخی مقامات اور بنیادی تنصیبات پر سعودی عرب کے جارحانہ حملے مزید شدت کے ساتھ جاری ہیں- واضح رہے کہ سعودی عرب نے چھبیس مارچ سے مداخلت پسندانہ اقدام کرتے ہو‏‏ئے یمن کے مختلف علاقوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ ان حملوں میں اب تک ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲