30 مئی 2015 - 09:37
مستونگ، دہشتگردوں نے 35 مسافروں کو اغواء کرنے کیبعد 22 کو بیدردی سے قتل کردیا

مسافر گاڑیاں پشین سے کراچی جا رہی تھیں کہ کھڈ کوچہ کے قریب سکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس دہشتگردوں نے مسافر گاڑیوں کو زبردستی روک لیا، اور 35 مسافروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لیا تو دہشتگردوں نے 22 مسافروں کو بیدردی سے قتل کر ڈالا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس دہشت گردوں نے 35 مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد 22 مسافروں کو بیدردی سے قتل کر ڈالا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے قریب دو بسوں سے مسافروں کو اتار کر اغواء کر لیا۔ بسوں میں 35 کے قریب مسافر موجود تھے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد سکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس تھے، جن کی تعداد 22 کے قریب بتائی جاتی ہے۔
مسلح افراد مسافروں کو اغواء کرکے پہاڑی علاقوں میں لے گئے ہیں۔ جہاں اطلاعات کے مطابق 22 مسافروں‌ کو بے دردی سے قتل کیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق مسافروں کی بازیابی کیلئے سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم شرپسندوں نے 22 مسافروں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ لیویز کی کارروائی میں پانچ مسافروں کو بازیاب کروایا جا چکا ہے، لیکن اغوا کاروں نے ابھی تک کچھ مسافروں‌ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ واقعہ کی نزاکت کے پیش نظر ضلع بھر سے لیویز کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم نے دہشتگردوں کی جانب سے معصوم افراد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے دہشتگردی واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

.......

/169