26 مئی 2015 - 17:04
ایران کے ایس تین سو میزائیل سسٹم کی فراہمی یقینی

ایران میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی طرف سے ایران کو ایس تین سو میزائل سسٹم کی فراہمی یقینی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں روسی سفیر لوان جاگاریان نے منگل کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کو ایس تین سو میزائل سسٹم حوالے کئے جانے کے وقت کے بارے میں کہا کہ اس میزائل سسٹم کی فراہمی کے بارے میں مختلف تکنیکی اور فنی اعتبار سے مذاکرات جاری ہیں اور ایس تین سو میزائل سسٹم ایران کو مناسب وقت پر فراہم کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس تین سو میزائل سسٹم ایران پر عائد پابندیوں کے دائرے سے باہر ہے اور روس، ایران کو یہ دفاعی سسٹم فراہم کرنے کا پابند ہے- تہران میں روسی سفیر نے ایران کو اس سسٹم کی فراہمی میں تاخیر کے بارے میں صیہونی وزیر اعظم اور روسی صدر کی ملاقات کے اثر انداز ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات تمام شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں اور اس عمل کا جاری رہنا خطے کے امن و استحکام کے حق میں ہے- اس سے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی، جو روس کے دورے پر ہیں، کہا تھا کہ ایران کو ایس تین سو میزائل سسٹم کی فراہمی کے بارے میں روسی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے ہیں اور یہ سسٹم مناسب وقت پر ایران کو فراہم کردیا جائے گا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲