اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے بارے میں روسی حکام سے بات چیت کے لیے بدھ کے روز بغداد سے ماسکو روانہ ہوئے-
انھوں نے ماسکو روانہ ہونے سے قبل کہا کہ بغداد کے ماسکو کے ساتھ ہتھیاروں کے بہت سے معاہدے ہیں کہ جن میں سے بعض التوا کا شکار ہیں اور اس دورے کے دوران ان کو عملی شکل دی جائے گی-
حیدر العبادی نے کہا کہ عراق کے موجودہ حالات، روس کے دورے اور ہتھیاروں کی فراہمی کے متعدد ذرائع کا جائزہ لینے کے متقاضی ہیں-
روس گزشتہ سال موصل پر داعش کے قبضے کے بعد ان ممالک میں شامل تھا کہ جنھوں نے سب سے پہلے عراقی حکومت کو فوجی امداد فراہم کر کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اس کی مدد کی تھی-
عراقی وزیراعظم کا یہ بیان امریکی حکام کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے کہ جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ الرمادی کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے فوجی نہیں بھیج سکتے-
حالیہ دنوں کے دوران داعش نے الرمادی پر ایک بار پھر قبضہ کر کے عراق کے حالات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے-
الرمادی پر داعش کا قبضہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب اس دہشت گرد گروہ کو گزشتہ نو ماہ کے دوران عراقی فورس کے مقابلے میں مسلسل شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا-
.......
/169