اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد کا خیال ہے کہ علاقے کے ترقیاتی و سیکورٹی سے متعلق مسائل، علاقے کے ممالک کے ذریعے ہی حل ہونا چاہئے-
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پیر کو تہران میں پاکستان کے صوبائی اور سرحدی امور کے وزیر عبدالقادر بلوچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور پاکستان، شرپسندعناصر، دہشتگردوں اور اسمگلروں کے خلاف جد و جہد کے لئے پرعزم ہیں-
رحمانی فضلی نے کہا کہ انھوں نے پاکستان کے سرحدی اور صوبائی امور کے وزیر سے ایران، پاکستان، افغانستان اور پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے ساتھ چار فریقی اجلاس تشکیل دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے-
ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران، پاکستان، اور افغانستان کے سہ فریقی تعاون، اور اقوام متحدہ کی مدد سے سرحدی رفت و آمد، قانونی و غیر قانونی مہاجرین اور پناہ گزینوں کے امور میں بہتری لانے کے لئے اقدام کیا جائے گا-
ایران کے وزیر داخلہ نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کو دوستانہ قرار دیا اور کہا کہ صوبہ سیستان و بلوچستان اور پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے درمیان سماجی، ثقافتی اقتصادی اور تجارتی میدانوں میں تعاون کی سطح مناسب ہے-
رحمانی فضلی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے ماہرین، سیکورٹی اور معاشی امور سے متعلق اجلاس کے انعقاد کے ذریعے ایک مناسب راہ حل تک پہنچ جائیں گے جس پر، دو فریقی شکل میں، ایران اور پاکستان، اور سہ فریقی شکل میں، ایران، پاکستان اور افغانستان، عمل درامد کو یقینی بنائیں گے-
.......
/169