اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ترکی کے وزیر اعظم نےکہا ہے کہ انقرہ ایسے کسی بھی ملک کو اپنا دوست نہیں سمجھتا جو اپنے ہی عوام کے منتخب صدر کو پھانسی پر لٹکانا چاہتا ہو۔
انقرہ سے موصولہ خبروں کے مطابق ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے پیر کو اپنے ایک بیان میں مصری صدر کو سزائے موت کا فیصلہ سنائے جانے کے ردعمل میں کہا کہ ترکی ایسے لوگوں کے لئے کسی احترام کا قائل نہیں ہے جو اپنےہی ملک کے صدر کی موت کی آرزو رکھتے ہوں۔ داؤد اوغلو نے کہا کہ ترکی، منافقوں کا دوست اور بھائی نہیں ہے۔ یادرہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی اس سے قبل محمد مرسی کی سزائے موت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے قدیم مصر کی جانب بازگشت سے تعبیر کیا تھا ۔ واضح رہےکہ ترکی،اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دیگر ملکوں کے حکام نے، مصر کے سابق منتخب صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمین کے ایک سو سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو دو ہزار گیارہ میں حسنی مبارک کے خلاف عوامی بغاوت کے دوران جیل توڑنے، جیل کے اندر قتل عام اور حکومتی راز فاش کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائے جانے کے فیصلےکی مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ جولائی دو ہزار تیرہ میں مصری فوج نے بغاوت کرکے مرسی کا تختہ الٹ دیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲