اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی" ولد الشیخ احمد" نے یمن کے حالات کے سلسلے میں صلاح و مشورہ اور تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یمن کے نہتے عوام پر سعودی جارحیت اور پانچ روزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے متعدد ثبوت پیش کرتے ہوئے، یمن کے بے گناہ عوام کے لئے امداد، بالخصوص دواؤں اور خوراک پہنچانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کو چاہئے کہ یمن میں انسانی المیہ روکنے کے لئے امداد بھیجنے کے لئے بڑے پیمانے پر فوری اور وسیع اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا کردار نہایت اہم ہے۔
امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ اسلامی جہموریہ ایران، تمام یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ یمنی گروہ اور جماعتیں، اقوام متحدہ کی نگرانی میں پائیدار معاہدہ کر سکتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی" ولد الشیخ احمد" نے بھی یمن میں جنگ بندی اور اس کی مدت بڑھائے جانے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کا ذکر کیا اور تمام فریقوں کے لئے قابل قبول مقام پر گفتگو کی ضرورت پر تاکید کی۔
ولد الشیخ احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ نے یمنی عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد بھیجنے میں موثر کوششیں انجام دی ہیں اور آئندہ دنوں میں اس کا مثبت نتیجہ سامنے آجائے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے تہران کے ساتھ مزید صلاح و مشورے کے لئے جلد ہی ایران کا دورہ کریں گے۔
.......
/169