17 مئی 2015 - 08:59
افغانستان: طالبان کے ہاتھوں پچاس سے زائد مسافر اغوا

افغانستان کے صوبے پکتیا میں طالبان نے پچاس سےزائد مسافروں کو اغوا کرلیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز طالبان نے ان افراد کو گاڑیوں سے اتار اغواء کرکے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور ابھی تک ان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی افغانستان کے صوبے پکتیا کے پولیس افسر نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغواء کی یہ واردات، صوبہ پکتیا کے علاقے "سید کرم" میں ہفتے کی صبح انجام پائی۔ مذکورہ افغان پولیس افسر نے کہا کہ اس علاقے میں پولیس آپریشن شروع ہوچکا ہے تاہم ابھی ہم اغواکاروں کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں البتہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔ اس پولیس افسر کے بقول اغوا کئے جانے والے افراد عام شہری ہیں اور ان میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اغوا کی اس کاروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے ان کا ہدف حکومت کے مقامی حکام ہیں۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی حکام عام سواریوں اور بسوں سے اپنے کام پر جاتے ہیں اسی لئے طالبان کے ساٹھ مسلح افراد نے یہ کاروائی انجام دی ہے اور اس وقت ہم ان مسافروں میں سے مقامی سرکاری عہدیداروں کی پہچان کر رہے ہیں اور آٹھ کی پہچان اب تک ہوچکی ہے ۔ طالبان کے ترجمان نے دعوی کیا کہ ان تمام مسافروں کی شناخت کے بعد بقیہ مسافروں کو رہا کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تین مہینے قبل بھی طالبان اور داعش سے وابستہ افراد نے صوبہ زابل میں ہزارہ براداری کے اکتیس مسافروں کو اغوا کر لیا تھا تاہم تین ماہ کا عرصہ گذرنے کے بعد، حکومت اور عمائدین کی کوششوں سے انیس افراد کو آزاد کرالیا گیا ہے جبکہ بقیہ ابھی بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں اسیر ہیں۔

.......

/169