13 مئی 2015 - 18:46
یمن پر سعودی حملہ احمقانہ اقدام ہے، قائدانقلاب اسلامی

عراق کے صدر فواد معصوم نے بدھ کی شام قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں قائد انقلاب اسلامی نے علاقے کے اہم ترین مسائل پر کھل کرروشنی ڈالی.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عراقی صدر سے ملاقات میں عراق کو علاقے کے عرب اور اسلامی ملکوں میں ایک بہت ہی اہم اور موثر ملک قراردیا اور علاقے منجملہ یمن اور شام کی افسوسناک صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ عراق اپنی اہم پوزیشن کے پیش نظر علاقے کے مسائل میں یقینی طور پر موثر ثابت ہوسکتا ہے اور اس کو اپنی اس توانائی سے پہلے سے بھی زیادہ استفادہ کرنا چاہئے. آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران اور عراق کے تعلقات کو انتہائی مضبوط اور برادرانہ قراردیتے ہوئے باہمی تعلقات میں روز افزوں توسیع کا خیرمقدم کیا- آپ نے فرمایا کہ ایران مختلف میدانوں میں عراق کی ترقی وپیشرفت میں مدد کرنے کے لئے تیار ہے- قائد انقلاب اسلامی نے عراق میں ایک عوامی اور جمہوری حکومت کے قیام کو عرب ملکوں کے درمیان عراق کی ممتازخصوصیت سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ عراقی حکام اور سیاسی جماعتوں کو اپنی اس حیثیت وخصوصیت کی پوری قوت کے ساتھ پاسداری کرنی چاہئے۔
قائدانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج علاقے اور عالم اسلام کو فلسطین، شمالی افریقہ اور شام و یمن جیسے انتہائی افسوسناک اور قابل رحم مسائل کا سامنا ہے جن کے حل میں عراق یقینی طور پر موثر کردار ادا کرسکتا ہے- قائدانقلاب اسلامی نے شام کے حالات کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ شام کے بارے میں دشمنان اسلام کا منصوبہ بہت ہی خطرناک ہے- آپ نے فرمایا کہ دشمن شام میں دائمی عدم استحکام اور بدامنی پیداکرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس طرح پورے علاقے کو عدم استحکام سے دوچار کردیں- قائدانقلاب اسلامی نے یمن کے افسوسناک حالات کا بھی ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ سعودیوں نے یمن میں بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور انہوں نے جن جرائم کا ارتکاب کیا ہے ان کے اثرات خود سعودی حکام کے بھی گریباں گیر ہوں گے-
قائدانقلاب اسلامی نے یمنی عوام کا قتل عام فوری طور پر بند کئے جانےکا مطالبہ کرتے ہوئے فرمایا کہ یمن کے واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سعودی حکام کے درمیان ایک جاہلانہ اور غیردانشمندانہ نظریہ حکمفرما ہے جو یمن کے مسائل کے بارے میں فیصلے کرتا ہے- قائدانقلاب اسلامی نے یمن پر جارحیت کرنے کے لئے سعودی حکام کے استدلال کو حماقت آمیز بتایا اور فرمایا کہ سعودیوں نے یمن کے اس مفرور صدر کے کہنے پر اس ملک پرحملہ کیا ہے جس نے خود اپنے ملک کے ساتھ انتہائی نازک حالات میں غداری کی ہے- اس ملاقات میں جس میں ایران کے صدر ڈاکٹرروحانی بھی موجود تھے عراق کے صدر فواد معصوم نے قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ عراق کے عوام اور حکومت داعش کے حملے کے وقت انتہائی سخت حالات میں ایران کی جانب سے کی گئی مدد اور حمایت کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے.

.......

/169