12 مئی 2015 - 10:23
صولت مرزا کو سینٹرل جیل مچھ میں پھانسی دی گئی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع مچھ جیل میں ایم کیو ایم کے تائب کارکن صولت مرزا کو پھانسی دے دی گئی.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صولت مرزا کو سینٹرل جیل مچھ میں علی الصبح ساڑھے چار بجے پھانسی دی گئی ہے- صولت مرزا کو انیس سو ستانوے میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد کو ان کے ڈرائیور اور محافظ سمیت قتل کرنے کے جرم میں انیس سو ننانوے میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی- کچھ عرصہ قبل سکیورٹی وجوہات کی بنا انھیں مچھ جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔۔ دو بار ان کی پھانسی موخر ہوئی اور آج سولہ سال کے ایک طویل عرصے بعد سزا پر عملدر آمد ہوا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق صولت مرزا کی اہلیہ نگہت مرزا نے اپیل کی تھی کہ صولت مرزا کی پھانسی میں دو سے تین ماہ کی توسیع کی جائے۔ کراچی پریس کلب میں صولت مرزا کی اہلیہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری درخواست کی جلدسنوائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ سیکیورٹی فراہم کریں۔

بتایا جاتا ہے کہ نگہت مرزا نے گذشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی تھی کہ ان کے شوہر کے بیان کی روشنی میں شاہد حامد قتل کیس کی دوبارہ تحقیقات کی جا رہی ہیں، اس لیے جب تک یہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں، پھانسی کی سزا پر عمل درآمد روکا جائے۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح تختہ دار پر لٹکائے جانے والے صولت مرزا کی لاش کو، پھانسی کے بعد مچھ جیل سے ایدھی سرد خانے کوئٹہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں سے بذریعہ طیارہ کراچی بھجوایا جائے گا-

بتایا جاتا ہے کہ سزا میں وقفے کے دوران صولت مرزا ایم ڈی "کے ای ایس سی" کے قتل کے علاوہ اور بھی انکشافات کرتے رہے- صولت مرزا کے بیانات سامنے آنے کے بعد سندھ کی ایک بااثر سیاسی جماعت "ایم کیو ایم" کی قیادت اور کارکنوں میں ہلچل مچ گئی تھی- صولت مرزا نے اپنے وڈیو بیان میں خود کو نشانِ عبرت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایم کیو ایم میں شمولیت کا ارادہ رکھنے والے اور نئے کارکنوں کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ وہ انھیں، دیکھیں اور عبرت پکڑیں کہ کس طرح انھیں استعمال کر کے ٹشو پیپرکی طرح پھینک دیا گیا۔

صولت مرزا نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین پر "کے ای ایس سی" کے سابق سربراہ شاہد حامد کے قتل کا حکم دینے کا الزام عائد کیا تھا- ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے صولت مرزا کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کا بیان ان کی جماعت کے خلاف سازشی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک منصوبے کے تحت ہو رہا ہے اور بقول ان کے اس طرح کا بیان ایم کیوایم کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔

.......

/169