اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایران کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے بیانات الزام تراشی اور بعض تکراری اور بے فائدہ تجزیہ و تحلیل پر مبنی ہیں-
رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ سعودی حکام ایسے عالم میں یمن میں ایران کی مداخلت کا بے بنیاد دعوی کر رہے ہیں کہ جب چالیس دنوں سے زیادہ عرصے سے یمن پر سعودی عرب اور اس کی اتحادی افواج کے پے درپے وحشیانہ حملے جاری ہیں اور ان ملکوں نے یمن کا مکمل طور پر محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ یمن کے عوام تمام آزاد اور حریت پسند قوموں کی طرح اپنے ملکی امور میں اغیار کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی اور انسانی اصولوں کے تحت یمن کا محاصرہ ختم کرنے اور اس مسلم ملک میں انسانی المیے کی روک تھام کرنے کے لئے انسانی امداد فورا ارسال کرنے کو انتہائی ضروری سمجھتا ہے۔ مرضیہ افخم نے کہا کہ بحران کے خاتمے اور منطقی راہ حل تک پہنچنے کے لئے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں اور یمن پر فوجی حملے بند کرنے اور اس ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کے لئے سیاسی طریقوں سے از سر نو مذاکرات کے آغاز کے لئے کوششیں انجام پانی چاہییں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲