5 مئی 2015 - 05:39
مسعود بارزانی الگ ملک کے قیام کے لئے کوشاں ہیں: عراقی رکن پارلیمنٹ

عراق کی پارلیمنٹ کی رکن سہام الموسوی نے کہا ہے کہ عراقی کردستان کے علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی عراق کو تقسیم کر کے ایک الگ ملک بنانے کے درپے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سہام الموسوی نے کہا ہے کہ مسعود بارزانی کہ جن کی عراق کے کردستان کے علاقے کی تیسری مرتبہ سربراہی حاصل کرنے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں، امریکہ کی مدد سے ایک الگ ملک بنانے کے درپے ہیں- بدر دھڑے سے تعلق رکھنے والی رکن پارلیمنٹ سہام الموسوی نے مزید کہا کہ مسعود بارزانی کے دورہ امریکہ کا مقصد ایک الگ کرد ملک وجود میں لانے کے لئے موجودہ حالات سے فائدہ اٹھانا ہے- انھوں نے مزید کہا کہ مسعود بارزانی نے عراق کی مرکزی حکومت کی اجازت کے بغیر عراقی کردستان کو فوجی امداد دینے پر مبنی امریکی کانگریس کے فیصلے کی حمایت کی ہے جو کہ ایک آزاد کرد ملک کے قیام کے آغاز کے مترادف ہے- موسوعہ العراق ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سہام الموسوی نے امریکی کانگریس کے فیصلے کی شدید مخالفت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ عراق کے کردوں اور اہل سنت قبائل کو اسلحہ فراہم کرنے پر مبنی امریکی کانگریس کا فیصلہ عراق کی ارضی سالمیت اور خود مختاری کے منافی اور عراق کی تقسیم کی جانب اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے-

.......

/169