اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بغداد میں کرویشیا کی وزیر خارجہ وسنا پوسیچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ عراقی وزیر خارجہ نے عراق میں دو خودمختار فریقوں کی حیثیت سے کردوں اور اہلسنت قبائل کو مسلح کرنے کے سلسلے میں امریکی کانگرس کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ عراقی وزارت خارجہ قومی وحدت، اقتدار اعلی اور فرقوں اور قبیلوں کے ساتھ سلوک سے متعلق مسائل کا گہرائی سے جائزہ لیتی ہے اور ہر اقدام پر مناسب ردعمل ظاہر کرتی ہے-
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراق ایک متحد ملک کے طور پر باقی رہے گا اور عراق کی تقسیم کے لیے کوئی بھی اقدام ایک غلط پالیسی ہے اور یہ ناکامی سے دوچار ہو گا- ابراہیم جعفری نے اسی طرح دنیا کے تمام ممالک خصوصا ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کو بغداد حکومت کی مستقل پالیسی قرار دیا اور کہا کہ بغداد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کا کھلنا دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور سعودی عرب نے حال ہی میں ایک شخص کا نام سفیر کے طور پر پیش کیا ہے-
.......
/169