اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کا رفاہی شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پاکستان گذشتہ چند برسوں سے گلگت بلتستان میں اب تک 5 کروڑ سے زائد مالیت کے منصوبے مکمل کرچکا ہے، ان منصوبوں میں تعمیر مساجد، فراہمی آب، یتیموں کی کفالت اور صحت کے مراکز شامل ہیں، اس وقت بھی کروڑوں روپے کے رفاہی منصوبے مخیر حضرات سے منظوری کے عمل میں ہیں، جن پر عمل درآمد سے گلگت بلتستان میں عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں بہت معاونت حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین خیرالعمل فائونڈیشن نثار علی فیضی نے خیرالعمل فائونڈیشن کی کور کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں دیگر ممبران میں علامہ اصغر عسکری، مسرت کاظمی، مسرور نقوی، توصیف نقوی، تہور عباس، ڈاکٹر عابدالحسینی، خضر عباس اور حسین نقوی موجود تھے۔ نثار علی فیضی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے جی بی کی عوام کا ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا ہے، جس میں 2010ء کے سیلاب سے لیکر سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان، سانحہ لولو سر ٹاپ اور گندم سبسڈی کی تحریک سمیت اہم مسائل شامل ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم ہی سرزمین بے آئین کی مکمل خود مختیاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔
نثار فیضی کا کہنا تھا کہ خیرالعمل فائونڈیشن اس وقت عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات کوششوں میں مصروف عمل ہے، جی بی سے ان مسائل کے حل کے لیے روزانہ ڈھیروں درخواستیں وصول ہو رہی ہیں جو کہ عوام کی اس جماعت سے حقیقی امید اور توقعات کو ظاہر کرتی ہیں۔ ہیڈ آفس میں خیرالعمل فائونڈیشن کا قائم کردہ جی بی ڈیسک اس حوالے سے پوری یکسوئی اور محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مگن ہے۔ نثار علی فیضی نے کہا مجلس وحدت مسلمین کے مسئولین اپنی مخلصانہ، دانشمندانہ اور جرات مندانہ کردار کی بدولت اس علاقے کے عوام کے حقوق کی ترجمانی کا حق ادا کر رہے ہیں، جی بی کی لیڈر شپ عوام کے دلوں کی دھڑکن اور انکے حقوق کی موثر آواز ہے جو انہیں کرپٹ، خود غرض، لٹیرے اور چور حکمرانوں سے آزادی دلائے گی۔ اجلاس میں جاری منصوبوں کی تکمیل اور آئندہ منصوبہ جات کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی۔
.......
/169