اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نیپال میں ایک ہفتہ قبل آج ہی کے دن آنے والے اس خوفناک زلزلے نے ہزاروں زندگیوں کو موت کی نیند سلا دیاجبکہ مختلف علاقوں میں پوری پوری بستیاں اجڑ گئی ہیں- متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں- مختلف ممالک کی امدادی ٹیمیں، جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر رہی ہیں تاہم سات روز گزر جانے کے بعد اب ملبے تلے دبے، کسی شخص کے زندہ بچ جانے کی امیدیں بالکل دم توڑتی جا رہی ہیں- زلزلے سے تباہ ہونے والے علاقوں میں مانسون کی متوقع بارشوں کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے- دوسری جانب نیپال کے مختلف علاقوں میں قائم کئے جانے والے کیمپوں میں بےگھر ہونے والے افراد کی بڑھتی تعداد اور وسائل کی قلّت کے سبب مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا ہے- لوگوں کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور وہ، کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں- نیپال میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے اور قائم کئے جانے والے عارضی ہسپتالوں میں زخمیوں اور بیماروں کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے- امدادی تنظیموں نے دواؤں اور غذائی اشیا کی قلّت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں مزید امداد کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے- نیپال کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار تک پہنچ سکتی ہے-
.......
/169