23 دسمبر 2024 - 16:20
بیت المقدس میں صہیونی مخالف کارروائیاں نسل کُشی کا فطری ردعمل ہیں، حماس

حماس نے شمال مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والی صہیون مخالف کاروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کے جرائم اور فلسطینیوں کی نسل کُشی کا فطری ردعمل قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حماس نے اپنے بیان میں شمال مشرقی بیت المقدس میں صہیونی مخالف کارروائیوں پر رد عمل ظاہر کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ مغربی کنارے میں مزاحمت جاری ہے اور  غاصب صہیونی ریاست، دہشت گردی اور سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود مزاحمت کے بڑھتے ہوئے قدموں کو کبھی نہیں روک سکے گی۔

حماس نے کہا ہے: مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع حزما کراسنگ پر صہیونیوں کے خلاف ہونے والی کاروائی غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی، غرب اردن سے فلسطینیوں کو جلا وطن کرنے اور مسجد الاقصیٰ پر یہودی آبادکاروں کی جارحیت سمیت غاصب صہیونیوں کے بے انتہا جرائم کا فطری رد عمل ہے۔

تحریک  حماس نے مزید کہا: یہ کارروائی غاصب صہیونی ریاست کی انتہا پسند کابینہ اور اس کے وزراء کے لئے ایک پیغام ہے کہ بیت المقدس، مغربی کنارے، مقبوضہ علاقوں اور پوری فلسطینی سرزمین، غاصبوں اور ان کے  سامراجی منصوبوں کے لئے گلے کی ہڈی بنی رہے گی ۔"

حماس نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں مزاحمت کو دبانے اور ان علاقوں کے الحاق اور فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110