23 دسمبر 2024 - 13:19
ایران نے صرف خواتین پر مشتمل انوکھی پرواز بھر کر تاریخ رقم کردی

ایک ایرانی ایئر لائن نے صرف خواتین پر مشتمل اپنی نوعیت کی پہلی اور ایک نادر پرواز بھر کر تاریخ رقم کردی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،   گزشتہ روز ایران کی اولین خواتین پائلٹس میں سے ایک شہرزاد شمس نے آسمان ایئرلائنز کی پرواز کو مشرقی ایران میں واقع مقدس شہر مشہد کے ہوائی اڈے پر اتارا۔

اطلاعات کے مطابق اس پرواز میں 110 مسافر سوار تھے جب کہ رپورٹ میں پرواز کی روانگی کے مقام کی وضاحت نہیں کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران بانو یعنی ایران لیڈی کی پرواز کے نام سے موسوم یہ طیارہ ایران کے دوسرے سب سے بڑے شہر مشہد کے ہاشمی نژاد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

یہ ہوائی اڈہ شہر مشہد مقدس میں ہے جہاں مقدس ترین مقامات میں سے ایک امام رضا (ع) کا روضۃ مبارک بھی ہے۔

مکمل طور پر خواتین پر مشتمل ہوائی جہاز کا یہ سفر پیغمبر اسلام کی دختر حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا  کی ولادت باسعادت کے  موقع پر ہوا۔