اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق
اسلامی جہاد تحریک کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر زیاد النخالہ نے کل [26 مئی 2024ع کی]
شام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ٹیلی فونک رابطہ
کرکے انہیں شہید اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ
ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کی شہادت پر ایرانی ملت اور حکومت کو تعزیت پیش کی اور
کہا: ہمیں یقین ہے کہ اس المیے کی سنگینی کے باوجود، اسلامی جمہوریہ ایران اپنے
اہل اور لائق حکام اور انقلابی افکار سے بہرہ ور عوام کی برکت سے اس طرح کی دشواریوں
پر غلبہ پائے گا۔
سیکریٹری جنرل حرکۃ الجہاد الاسلامی نے کہا: شہید ڈاکٹر رئیسی اور شہید ڈاکٹر امیر عبداللہیان نے اپنی قوم و ملت کے مفادات کے تحفظ اور محور مقاومت کی حمایت میں ہمیشہ اگلی صف میں کھڑے رہے۔
انھوں نے ڈاکٹر مخبر کو ایک باصلاحیت اور مستعد شخصیت قرار دیا اور کہا کہ آپ موجودہ حساس صورت حال میں شہید صدر آیت اللہ رئیسی کی کمی کو پر کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر مخبر نے ایران کی قوم و حکومت کے ساتھ جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ کی اظہار تعزیت و ہمدردی، کا شکریہ ادا کیا اور کہا: شہید صدر اور شہید وزیر خارجہ کی توجہ مقاومت کی سنجیدہ پشت پناہی اور فلسطینیوں کے مسلّمہ حقوق کی حمایت پر مرکوز تھی اور محاذ مزاحمت ـ بالخصوص فلسطینی مقاومت ـ کی حمایت پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی تزویراتی پالیسی، افراد کی تبدیلی سے ہرگز نہیں بدلے گی۔
اسلامی جمہوری ایران کے عبوری صدر نے مقاومت کی حکمت عملی کو صہیونی ریاست کے جرائم اور جارحیتوں سے نمٹنے کے لئے مؤثرترین قرار دیا اور کہا: آپریشن وعدہ صادق مقاومت کے تسلسل کا نتیجہ ہے جس نے خطے میں امریکہ اور صہیونی ریاست کے دبدبے کو توڑ کر رکھ دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
110