28 جولائی 2023 - 14:16
اگر تمہارے امام، حسین ہیں تو تم حسینی کیوں نہیں ہو؟

شہید آیت اللہ العظمی علامہ شیخ فضل اللہ نوری اعلی اللہ مقامہ فرماتے ہیں: "حسینی ہونے کے لئے حسینی بننا پڑے گا؛ حسینی بننے کے لئے حسینی زیست اپنانا پڑے گی؛ حسینی زیست اپنانے کے لئے، حسینی انداز سے سوچنا پڑے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ

بدقسمتی ہے ہماری کہ ہم رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کو کم ہی جانتے ہیں اور آپ کے دشمنوں کے تئیں ہماری شناخت بھی نہ ہونے کے برابر ہے، دوسری طرف سے اہل بیت (علیہم السلام) کو ہم بہت کم جانتے ہیں لیکن ان کے دشمنوں کو شاید ان سے زیادہ جانتے ہیں، گوکہ ان بارے میں بھی ہماری شناخت وسیع ہونے کے باوجود، عمیق نہیں ہے۔ شاید ہم امام کو بھی کافی حد تک پہنچانتے ہوں لیکن ان کی امامت و پیشوائی کے بارے میں سطحی معلومات رکھتے ہیں۔ امام کی پیشوائی اور پیشروی یا پیش قدمی کو شیعہ تعلیمات میں کچھ زیادہ توجہ نہیں دی جاتی۔ جب بھی کہا جاتا ہے کہ امیرالمؤمنین(ع) نے فلان کام کیا، یا امام حسین(ع) نے فلان اقدام کیا، فوری طور پر جواب دیا جاتا ہے کہ "وہ تو امام تھے!"

یعنی وہ امام ہیں چنانچہ میں ان کا کام جاری نہیں رکھ سکتا؛ یعنی مقصد جان چھڑانا ہوتا ہے پیروی سے؛ حالانکہ یہی جواب کہ "وہ تو امام تھے!" خود اس بات کی دلیل ہے کہ پیروی کرو نہ کہ پیروی سے جان چھڑاؤ۔ یہ بہت بڑی خطا ہے۔

جب ہم امام کو بطور امام پہچانتے ہیں، یعنی یہ کہ ہمیں ان کی زندگی کے حالات اور ان کی سیرت اور کلام و عمل جاننا اور سمجھنا چاہئے؛ تاکہ ہم بطور معاشرہ اسی سیرت اور اسی راہ پر گامزن ہوں اور عمل کریں۔

امیرالمؤمنین (علیہ السلام) نے فرمایا: "ألا وَإنَّ لِكُلِّ مَأمومٍ إماماً يَقتَدِى بِه؛ ہر امام کا پیرو اور مقتدی ہوتا ہے جسے اس کی پیروی کرنا پڑتی ہے"؛ ورنہ تو وہ اس [مقتدی کہلوانے والے] کا امام نہیں ہے، اور یہ اس کا مأموم نہیں ہے. امام کے راستے اور زندگی کی کی پیروی اور اس پر عمل کرنے کا مسئلہ؛ ایک ضروری مسئلہ ہے اور یہی امام کے کلام اور لفظ "مقتدی" کا تقاضا ہے"۔

(کتاب "ہم رزمان حسین علیہ السلام؛ امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) کے خطبات، محرم الحرام 1393ھ (فروری 1973ع‍)

شہید آیت اللہ العظمی علامہ شیخ فضل اللہ نوری اعلی اللہ مقامہ فرماتے ہیں: "حسینی ہونے کے لئے حسینی بننا پڑے گا؛ حسینی بننے کے لئے حسینی زیست اپنانا پڑے گی؛ حسینی زیست اپنانے کے لئے، حسینی انداز سے سوچنا پڑے گا"۔  

ایک سوال یہ ہے کہ اگر کوئی پوچھے کہ "تمہارے امام اگر حسین(ع) ہیں تو تم حسینی کیوں نہیں ہو!؟" تو ہمارا جواب کیا ہوگا؟ کیا ہم کہہ سکتے ہیں کہ نہیں، ہم تو حسینی ہیں؟

اور ہاں، کیا ہمیں حسینی نہيں بننا چاہئے؟  کیا ہم حسینی نہیں بن سکتے؟ کیونکہ قاعدہ یہ ہے کہ یا تو حسینی بنو، یا زینبی ورنہ۔۔۔

چنانچہ یا حسین کا نعرہ لگانے سے حسینی بننے تک دو ہی قدم ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترتیب و ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110