13 مارچ 2022 - 18:39
پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری شہید سید سلمان حیدر رضوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

نماز جنازہ کے شرکاء نے حکومت سے شہید سلمان حیدر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔بعدازاں شہید سلمان حیدر کے جنازہ کو جلوس کی شکل میں وادی حسین ؑ قبرستان لے جایا گیا جہاں عزیز و اقرباء اور سوگواروں کی موجودگی میں شہید کی تدفین کردی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری شہید سید سلمان حیدر رضوی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شاہراہ پاکستان پر ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ کی امامت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کی جبکہ اس موقع پر علامہ مختار امامی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر زیدی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ بدرالحسنین عابدی، ایس ایم نقی، غفران مجتبیٰ نقوی سمیت علمائے کرام، ذاکرین عظام، نوحہ خواں اور منقبت خوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

نماز جنازہ کے شرکاء نے حکومت سے شہید سلمان حیدر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔بعدازاں شہید سلمان حیدر کے جنازہ کو جلوس کی شکل میں وادی حسین ؑ قبرستان لے جایا گیا جہاں عزیز و اقرباء اور سوگواروں کی موجودگی میں شہید کی تدفین کردی گئی۔ قبل ازیں نماز جنازہ کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے شیعہ رہنما سلمان حیدر کے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر شہید سلمان حیدر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم انداز میں ملک کے دیگر صوبوں کے بعد کراچی کے اندر ملت تشیع کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کا آغاز ہوتا دکھائی دے رہا ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک دشمن عناصر کے سامنے بیبسی کی تصویر بنی ہوئی ہیں،دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کی فورا تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے،اگر سلمان حیدر کے سفاک قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید سلمان حیدر کا قتل شہر کے امن و امان کو خراب کرنے کی سازش اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،ایسا لگتا ہے جیسے ایک بار پھر منظم انداز سے ملک بھر میں فرقہ وارانہ دہشتگردی کا آغاز کر دیا گیا ہے،حکمران عوام مسائل سے بے خبر ہو کر سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں جبکہ دہشتگرد ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں،عوام کی جانیں محفوظ نہیں،ماضی میں بھی ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر، انجینئر، پروفیسر، تاجر، علماء، ذاکرین اور رہنماوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہید سلمان حیدر اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے ان کا قتل ایک قومی نقصان ہے، شہیدسلمان حیدر کیخون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، قاتلوں کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا تک ملت تشیع چین سے نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشتگرد تکفیری جماعتوں کو شہر کے مختلف حصوں میں دفتر کھولنے اور قومی سلامتی کے منافی آزادانہ سرگرمیوں کی اجازت فرقہ وارانہ فسادات کی بڑی سازش ہے۔علماء کرا م نے صدر پاکستان،وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے شہید سلمان حیدر کے قتل کا فوری نوٹس اور واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242