اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کی ہدایت پر سانحہ مسجد امامیہ پشاور کے شہداء کی نمازہ جنازہ میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کا اعلی سطحی وفد پشاور پہنچا اور شہداء کی نمازہ جنازہ میں شرکت کی ، نمازہ جنازہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی اقتداء میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ سید ناظر عباس تقوی، زاہد علی اخونزادہ ،علامہ حمید حسین امامی، سید سکندر عباس گیلانی ایڈوکیٹ سمیت دیگر مذہبی ،سیاسی و تنظیمی شخصیات، مقامی عمائدین و عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ، فضا سوگوار، لبیک یا حسینؑ کی صدائیں بلند اور مناظر رقت آمیز تھے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان پر کل ملک بھر میں سانحہ پشاور کے المناک واقعے کیخلاف جس میں 57سے زائد نمازی شہید اور 183سے زائد زخمی ہوئے، اس المناک واقعے کیخلاف اور شہدا ءکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں پر امن احتجاج کیا جائےگا۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے مزید کہاکہ حکمران شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظرآتے ہیں اس واقعے کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور قاتلوں او ر ان کے سرپرستوں و سہولت کاروں کو کیفرکر دار تک پہنچایا جائے،ملک بھر میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ملک کیلئے انتہائی پریشان کن و نقصان دہ ہے جس کا سد باب انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم ہمیشہ امن کے داعی رہے ہیں اور رہیں گے ملک میں اتحاد وحدت کی فضا کو ہرگز خراب نہیں ہونے دینگے،پاکستان ہماری سرزمین ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اس کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ہمارے شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جائےگا۔بعد ا زاں شیعہ علماءکونسل پاکستان کا اعلی سطحی وفد مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورگیا اور زخمی افراد کی عیادت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ،وفد میں مرکزی رہنما علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ عارف واحدی،علامہ سید ناظر عباس تقوی،سکندر عباس گیلانی,برادر اظہار بخاری سمیت علاقائی تنظیمی شخصیات و عمائدین موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242