7 نومبر 2021 - 15:31
ایران پاکستان مالیاتی لین دین کو دونوں ملکوں کی قومی کرنسیوں میں انجام دینے کی تجویز

ایران کے وزیر زراعت نے ایران پاکستان مالیاتی لین دین کو دونوں ملکوں کی قومی کرنسیوں میں انجام دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر تجارت، عبدالرزاق داؤد سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر زراعت سید جواد ساداتی نژاد کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے پیش نظر اگر مالیاتی لین دین قومی کرنسیوں میں انجام دیا جائے تو دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات بہت قدیمی ہیں، ہمارے درمیان مذہبی ثقافتی اور نسلی رشتے پائے جاتے ہیں اور ہماری سرحدیں بھی ایک دوسرے سے ملتی ہیں، ان تمام عوامل نے مل کر باہمی تجارت کے فروغ کے لیے بہترین حالات فراہم کر دیئے ہیں۔

ساداتی نژاد نے کہا کہ ایران و پاکستان زرعی میدان میں ایک دوسرے کے حریف نہیں حلیف ہیں بنا برایں ہمیں باہمی گنجائشوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ایران کے وزیر زراعت نے کہا کہ ہم اس وقت پاکستان کو کجھور اور سیب برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہیں جبکہ تل اور چاول درآمد کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے اس موقع پر کہا کہ پاک ایران تجارت کی موجوہ سطح ہمارے درمیان پائے جانے والے دیرینہ رشتوں کے مطابق نہیں ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم عنقریب حالات کو بہتر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242