21 اکتوبر 2021 - 14:50
حسینی بوشہری؛ آیت اللہ الخرسان کی سیرت اور علمی شخصیت متعارف کروائی جائے/ اسکندری: جوان طلاب ان کی طرز زندگی سے درس حاصل کریں

اس تقریب میں آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ایک فقیہ، محقق، مصنف اور اس شخصیت کی تعظیم و تکریم جس نے اپنی ساری زندگی مکتب اہل بیت(ع) کی خدمت میں گزار دی، قابل تعریف ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حضرت آیت اللہ سید محمد مہدوی الموسوی الخرسان کے مجموعہ آثار کے سافٹ ویئرز کی نقاب کشائی کی تقریب جامعۃ المدرسین قم کے سربراہ کی تقریر سے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ایک فقیہ، محقق، مصنف اور اس شخصیت کی تعظیم و تکریم جس نے اپنی ساری زندگی مکتب اہل بیت(ع) کی خدمت میں گزار دی، قابل تعریف ہے، اور ایران و عراق کے ان تمام علمی اداروں اور ثقافتی عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو آیت اللہ الخرسان کے لیے ایک عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد کے لیے زحمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: کانفرنس اور یہ نشستیں اس عالم دین کے اعزاز میں منعقد کی جا رہی ہیں جو مکتب اہل بیت(ع) اور تشیع میں اصحاب ائمہ محمد بن مسلم اور زارہ جیسی شخصیات کے ہم پلہ ہیں، آپ سورج کی طرح چمکے اور ان کی روشنی سے لوگ فیضیاب ہوئے۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے کہا: پیغمبر اکرم کی ایک حدیث کے مطابق، جو شخص کسی عالم دین کا اکرام کرے اس نے میرا اکرام کیا ہے اور جو شخص میرا اکرام کرے اس نے خداوند عالم کا اکرام کیا ہے اور یہ جلسات اور کنفرنس اسی اکرام کا مصداق ہیں۔ یا دوسری روایت میں آیا ہے کہ کل قیامت کے دن بزرگ علماء پروردگار عالم سے ہدایا اور تحائف حاصل کریں گے اور ان کا اکرام و احترام کیا جائے گا۔ علماء کا اکرام ان کے علم اور دوسروں کو اپنے علم سے مستفید کرنے کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ یعنی جتنا اس کا فہم و ادراک اور فقہ شیعہ کے مبانی اور روایات پر اس کا تسلط زیادہ ہو گا اتنا اس کا زیادہ احترام کیا جائے گا۔
آیت اللہ خراسان کی خصوصیات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا: حجت الاسلام "حسون" کی یادداشتوں کے مطابق ، جب کوئی شخص آیت اللہ الخرسان کے پاس بیٹھتا ہے تو اسے محسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک موبائل لائبریری کے پاس ہے۔ شیعہ کتابوں پر ان کو بہت زیادہ عبور تھا۔ ایسا نہیں ہو سکتا تھا کہ کوئی کسی کتاب کا نام لے اور وہ کتاب کی خصوصیات اور مصنف کی سوانح حیات سے واقف نہ ہوں۔ ایسے کردار ہمارے زمانے میں کیمیا ہیں۔
اعلیٰ سطح دروس کے استاد نے مزید کہا: آیت اللہ خراسان کی ایک زاہدانہ زندگی ہے۔ وہ ایک متواضع اور خاکسار انسان ہیں، علم کا غرور ان کے نزدیک نہیں آیا، گویا کہ انہوں نے کوئی کام ہی نہیں کیا ہے۔ وہ جہاد علمی کے علاوہ جہاد نفس کے میدان میں بھی کامیاب ہیں۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ الخرسان خاندان عراق اور نجف کی معزز شخصیات میں قابل احترام ہے ، کہا: آیت اللہ الخراسان علوم اہل بیت(ع) پر مکمل تسلط رکھنے کی وجہ سے علماء اور اساتید کے درمیان بھی کافی مقبول ہیں۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے آیت اللہ الخرسان کے علمی کاموں کے بارے میں بھی کہا: انہوں نے 29 کتابیں تصحیح کی ہیں، 23 کتابیں تصنیف کی ہیں، اور 13 غیر مطبوعہ مقالے تالیف کئے ہیں۔ نیز، عراق میں مختلف واقعات کے رونما ہونے کی وجہ سے آیت اللہ خراسان کے کچھ علمی کارنامے ضائع بھی ہو چکے ہیں۔
آیت اللہ الخرسان کانفرنس کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: موصوف کے علمی کارناموں کو زیر طباعت سے آراستہ کرنے کے علاوہ ضروری ہے کہ ان کی سیرت و شخصیت کو متعارف کروایا جائے تاکہ طلاب و فضلاء انہیں اپنی زندگی کے لیے نمونہ عمل قرار دیں۔
آخر میں ، جامعۃ المدرسین کے سربراہ نے کہا: آیت اللہ الخرسان ، 93 سال کی عمر میں، اب بھی لکھ رہے ہیں اور تحقیق کر رہے ہیں اور یہ ہم لوگوں کے لیے عظیم درس ہے۔

اسکندری: نوجوان طلبہ کو آیت اللہ الخرسان کے طرز زندگی پر عمل کرنا چاہیے
امناء الرسل کے علمی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری نے اس کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ہم نے آغاز کار میں آیت اللہ خرسان کی کتابوں اور مقالات کے بارے میں جانکاری حاصل کی، اور اس کے بعد ان کو جمع کیا اور انہیں ایک سافٹ ویئر کی شکل دی، اور چونکہ محققین آج کل زیادہ تر سافٹ ویئر کے استعمال میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، اس وجہ سے ہم نے اس کانفرنس سے قبل آیت اللہ خرسان کے آثار کو سافٹ ویئر میں تبدیل کیا تاکہ اس کانفرنس میں اس سافٹ ویئر کی نقاب کشائی کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا: "ہم لائبریریوں میں استعمال ہونے والے آیت اللہ الخرسان کے آثار کا ایک انسائیکلوپیڈیا بھی تیار کر رہے ہیں۔" ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ انسائیکلوپیڈیا کانفرنس کے انعقاد سے پہلے تیار ہو جائے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین رضا اسکندری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جوان طلبہ کو آیت اللہ خرسان کے طرز زندگی کو نمونہ عمل بنانا چاہیے، کہا: ہم کوشش میں ہیں کہ ان شخصیات سے انجام پانے والے مکالمات پر مبنی کتاب منظر عام پر لائی جائے جنہوں نے آیت اللہ خرسان کے ساتھ زندگی کے کچھ لمحات گزارے۔ تاکہ اس کام سے ہم موصوف کی طرز زندگی کے کچھ گوشے طلبا کے سامنے رکھ سکیں۔
تقریب کے اختتام پر ، عہدیداروں کے ایک گروپ کی موجودگی میں - بشمول حجت الاسلام اور مسلمین ، "احمدی تبار" ، اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے شعبہ علمی و ثقافتی امور کے سربراہ - مجموعہ آیت اللہ سید محمد مہدی الموسوی الخرسان کے آثار پر مبنی سافٹ ویئر کی نقاب کشائی کی گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امناء الرسل علمی کانگریس اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے آیت اللہ سید محمد مہدی موسوی الخرسان کی اعزاز میں قم اور نجف میں ایک عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔

...........

242