اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی نے افغانستان کے صوبہ قندوز کی شیعہ مسجد میں دھشتگردانہ دھماکے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ کے مجرمین کو سخت سے سخت سزا ملنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بین الاقوامی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ایجنسیاں اس طرح کے خوفناک واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدام کریں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل کے مذمتی بیان کا ترجمہ حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ و انا الیہ راجعون
قندوز کی سید آباد مسجد میں داعش کے مجرم عناصر کے ہاتھوں ہوئے حالیہ دھشتگرانہ دھماکہ جس کی وجہ سے 200 سے زیادہ شیعہ نمازی شہید اور زخمی ہوئے، تمام مسلمانوں خصوصا شیعوں کے لیے شدید دکھ اور غم کا باعث بنا۔
یہ واقعہ جو طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دھشتگردی کا سب سے بڑا واقعہ تھا ایسے حال میں رونما ہوا ہے کہ ملک میں امن کی فراہمی اور داعش کا مقابلہ طالبان کی جانب سے لوگوں اور عالمی معاشرے کو دئیے گئے وعدوں کا حصہ ہے۔
لہذا ضروری ہے کہ اس ملک کے ذمہ داران اس وحشیانہ جرم کے مرتکب افراد کی سنجیدگی سے شناخت کریں اور انہیں ان کے کیفر کردار تک پہنچائیں اور ایسے واقعات کی تکرار کو روکیں۔
دنیا کے تمام حق پرست، انسان دوست اور پیروکاران اہل بیت(ع) پر ضروری ہے کہ اس دردناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اپنا موقف ظاہر کریں۔
نیز تمام انسانی حقوق اور انسداد دھشتگردی کی تنظیموں کو بھی ایسے واقعات کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ بین الاقوامی انٹیلی جنس اور سیکورٹی سروسز ان خوفناک اور افسوسناک واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدام کریں۔
یہ بھی ضروری ہے کہ افغانستان اور دنیا بھر میں امدادی ایجنسیاں متاثرہ افراد کو خدمات فراہم کریں ، خاص طور پر ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان کی دستگیری کریں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس دہشت گردانہ کاروائی کی شدید مذمت کرتی ہے اور شہداء کے اہل خانہ اور افغانستان کے لوگوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتی ہے، نیز اس واقعے کے شہداء کے لیے الہی رحمت اور جنت جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل صبر اور زخمیوں کے لیے شفائے کامل و عاجل کی دعا کرتی ہے۔
رضا رمضانی
سیکرٹری جنرل اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی
………………….
242